قائداعظم محمد علی جناح کے141ویں یوم ولادت کے موقع پرپیرس میں جناح ایوارڈ کی تقسیم
پیرس: 23 دسمبر2017ء: قائداعظم محمد علی جناح کے 141ویں یوم پیدائش کے حوالے سے گذشتہ روز پیرس میں جناح ایوارڈ دینے کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فرانسیسی اور فرانسیسی شہریت کے حامل پاکستانیوں کو ان کی صنعتی میدان میں اعلی خدمات کے عوض جناح ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس سلسلے میں ہونے والی تقریب جس کا عنوان ”ہمارا قائد“ اور ”میں ہوں قائد کا پاکستان“ تھا کا انعقاد جناب آصف چوہدری جو کہ فرانس کے ایک معتبر صنعت کار ہیں نے کیا تھا۔ اس تقریب میں صنعت کاروں، چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کے کارکنوں، پاکستانی کمیونٹی کے چیدہ چیدہ نمائندوں، صحافتی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب قمر بشیر پریس کونسلر، سفارت خانہ پاکستان نے قائداعظم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم ایک معتبر و کامیاب قانون دان، اعلی رہنما اور ایک بااصول سیاستدان تھے۔ جنہوں نے اپنی سیاسی بصارت، اعلی سوچ اور نظریے کے ذریعے ہندوں اور برطانوی سامراج کی شدید ترین مخالفت کے باوجود برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ ملک کا قیام ممکن بنایا۔
اس موقع پرعامر عباس اینکرپرسن اورمعتبر پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں جن میں جناب آصف چوہدری، جناب ابرار کیانی، جناب عمیر بیگ اور صاحبزادہ عتیق الرحمان شامل تھے نے اپنی تقریروں میں قائداعظم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے انتہائی کامیابی سے برصغیر کے مسلمانوں کو سیاسی سوج جوجھ سے ہمکنار کیا اور انہیں اس قابل بنایا کہ وہ اپنے لیئے 14 اگست 1947 کو ایک علیحدہ ملک بنانے میں کامیاب ہو گئے جس میں وہ اب اپنی مذہبی، ثقافتی اور تمدنی روایات کے مطابق زندگی گزار رہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب پاکستان اقوام عالم میں ایک انتہائی معتبر نام سے پہچانا جاتا ہے جو کہ علاقائی اور بین الاقوامی ترقی، خوشحالی اور امن کے قیام کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے پاکستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں پر قائم رہتے ہوئے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
بعد میں پاکستانی نژاد فرانسیسی اور فرانسیسی و دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والے صنعتی کارکنوں اور دیگر افراد میں جناح ایوارڈ بھی تقسیم کیئے گئے۔
اس تقریب میں قائداعظم کی 141ویں یوم پیدائش کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جس میں پریس کونسلر سفارت خانہ پاکستان پیرس جناب قمر بشیر، جناب عامر عباس اینکرپرسن، جناب محمد آصف چوہدری، کمیونٹی رہنماؤں اورجناح ایوارڈ وصول کرنے والوں نے بھی شرکت کی۔
قائداعظم کی 141ویں یوم پیدائش کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان میں ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔