پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) دیار فیر میں اپنے روایتی کھیلوں کے فروغ کیلئے ایسے ٹورنامنٹ کی ضرورت ہے۔ والی بال کا کھیل یورپ میں پاکستانیوں کی پرانی اور نئی نسل کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہے ۔ یہ واحد کھیل ہے کہ جس میں پرانی اور نئی نسل کی دلچسپی یکساں ہے۔ ان خیالات کا اظہار تیسرے سالانہ یورپین والی بال ٹورنامنٹ کے آرگنائزر ملک سعید اعوان ، چوہدری خان ارشد اور چوہدری سجاد احمد نے کیا۔ آرگنائزرز کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں یورپ بھر سے والی بال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ میں ونر اور رنر اپ ٹیموں میں کیش پرائز تقسیم کئے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان غالب اقبال اور فرانسیسی ممبر پارلیمنٹ فرانسوا پوپینی ہوں گے ۔ قریبی شہروں کے مئیر بھی تقسیم انعامات کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ گارج لی گونس میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کیلئے یورپ بھر کی پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ حضرات کو دعوت نامے ارسال کئے جاچکے ہیں۔ تین دن جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں پاکستانی دور و نزدیک کے شہروں سے گارج لی گونس آتے ہیں۔ اور کھیل سے محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔