اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے دو اور اپوزیشن کی جانب اے پانچ بل منظوری کیلئے پیش کئے جائیں گے
اسلام آباد (یس اُردو) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل شام ہوگا ، خورشید شاہ نے مشترکہ اجلاس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلالیا ۔ دوسری جانب بلاول بھٹو نے پی آئی اے کی نجکاری اور دیگر امور پر مشاورت کے لیے آج پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ صدر مملکت ممنون حسین نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر کی شام پانچ بجے طلب کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی بنانے کا بل اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا ہے ۔ اس کے علاوہ اجلاس میں 6 مختلف بل پیش کیے جائیں گے ۔ ان بلوں میں 2 حکومت جبکہ 5 اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ہیں ، منظوری کے لیے پیش کئے جانے والے بلوں میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف ترمیمی بل 2016 ، اینٹی ریپ ترمیمی بل 2015 ، نجکاری کمیشن دوسرا ترمیمی بل 2015 ، گیس چوری کی روک تھام اور واجبات کی وصولی کا بل 2014 ، سول سرونٹس ترمیمی بل 2014 اور امیگریشن ترمیمی بل 2014 شامل ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے حکومت نے اپوزیشن کو یقین دلایا تھا کہ پیر کو صرف گیس چوری کی روک تھام کا بل لایا جائے گا تاہم اب پی آئی اے سے متعلقہ بل بھی شامل کرلیا گیا ہے ۔ دوسری جانب خورشید شاہ نے حزب اختلاف کے دیگر رہنماؤں کو مشترکہ اجلاس سے قبل اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ ادھر ذرائع کے مطابق بلاول بھٹونے پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں پی آئی اے کی نجکاری اور دیگر امور پر مشاورت ہوگی ۔