اسلام آباد (جیوڈیسک) تحفظ حرمین شریفین سمینار کا 6 نکاتی اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پارلیمنٹ کی غیرجانبدار رہنے کی قرارداد انتہائی غیرمناسب ہے۔
حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ قرارداد پاکستان کو عالم اسلام میں تنہا کرنے کی سازش ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کی کارروائی کو فرقہ وارانہ رنگ نہ دیا جائے۔ حکومت عوامی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے جراٴت مندانہ کارروائی کرے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ یمن کی صورتحال فرقہ وارانہ نہیں ہے وہاں جنگ نہیں بغاوت ہے تنازعے کو مختلف رنگ دیے جا رہے ہیں ہر پہلو کو سمجھنا ہو گا۔ حافظ سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارلیمنٹ کی قرارداد پاکستان کے عوام کی دل کی آواز نہیں ہے۔
سعودی عرب کبھی پاکستان کے مسئلے پر غیرجانبدار نہیں رہا۔ حافظ سعید اور دیگر رہنماؤں کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے جانوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔