اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی پی ٹی آئی کے ایک ایک ارکان کو کھڑا کرکے پوچھیں کہ انہوں نے استعفیٰ دیا بھی ہے یا نہیں۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے اراکین کی قومی اسمبلی میں واپسی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
جب کہ اس موقع پر اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے پی ٹی آئی کے استعفوں کی وضاحت پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اسپیکر کا حرف حرف آخر ہے تاہم تحریک انصاف والوں کو بھی تھوڑی شرم، اخلاقیات اور حیا ہونی چاہئے، تحریک انصاف کے ارکان بتائیں وہ کس منہ سے دھاندلی والی اسمبلی میں آئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی تحریک انصاف کے ارکان کو باری باری کھڑا کرکے پوچھیں کہ ان لوگوں نے استعفیٰ دیا بھی ہے یا نہیں، یہ لوگ آٹھ مہینے تک کنٹینر پر ارکان پارلیمنٹ کو گالیاں دیتے رہے اور آج پھر یہاں آکر بیٹھ گئے، یہ لوگ باہر جاکر اسمبلی کو دھاندلی کی اسمبلی کہتے ہیں انہیں اپنے اس عمل پر شرم آنی چاہئے۔