لاہور; پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے گھر علیم خان نے کالے رنگ کے صدقے کے بکرے بھجوا دیئے ہیں ۔واضح رہے عمران خان نے 25 جولائی تک روزانہ تین بکرے صدقہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات
ہونے جارہے ہیں جبکہ چند روز قبل ہونے والے خود کش حملے کے باعث سیکیورٹی خدشات بھی موجود ہیں تاہم چیئرمین پی ٹی آئی انتخابی مہم تیز کیے ہوئے ہیں اور ایک دن میں کئی کئی جلسوں سے خطاب بھی کر رہے ہیںاور ان کی حفاظت کیلئے علیم خان نے صدقہ دینے کیلئے بکرے زمان پارک والے گھر بھیجوا دیئے ہیں ۔کچھ ہی دیر میں بکروں کا گوشت مستحقین میں تقسیم کیا جائے گا ۔واضح رہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل بڑے بڑے مگر مچھوں کا انتظار کر رہی ہے۔کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا مقابلہ نواز شریف اور ان کے پیچھے کھڑی بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ سے ہے کیونکہ عمران خان کو روکنا انٹرنیشنل ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ 300 ارب روپے چوری کر کے یہ لوگ مظلوم بنے ہوئے ہیں لیکن اڈیالہ جیل بڑے بڑے مگر مچھوں کا انتظار کر رہی ہے، شہباز شریف کے چہرے پر خوف دیکھ رہا ہوں، لگتا ہے خواب میں بھی شہباز شریف کو میں نظر آتا ہوں۔عمران خان کا مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو پکارتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا مقابلہ تم جیسے مافیا کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا مقابلہ نواز شریف کے پیچھے کھڑی انٹرنیشنل اسٹبلشمنٹ کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کہتا ہے کہ نیا معاہدہ عمرانی ہونا چاہیے، عمرانی معاہدہ کے نام سے نیا گیم کھیلا جا رہا ہے اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت میثاق جمہوریت کا ہی تحفہ ہے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کرائیں گے، ناظم کے براہ راست انتخابات کرائیں گے اور بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو سہولیات دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ لندن کا میئر بھی براہ راست منتخب ہوتا ہے، رکن صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی کا کام ترقیاتی کام نہیں ہوتا بلکہ ان کا کام قانون سازی کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کا کام قانون سازی ہوتا ہے اور کرپشن ہوتی ہی اس وقت ہے جب ترقیاتی فنڈ اراکین اسمبلی کو ملتا ہے، جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا ہوتا ہے وہ لوگوں کی جیبوں میں چلا جاتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ سب سے پہلے نیب کو مضبوط کریں گے اور نیب کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔