لاہور : ماڈل ٹاؤن لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ این اے ایک سو بائیس میں میاں نواز شریف کے کارکن کی فتح ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں عوام کا فیصلہ آج بھی برقرار رہا۔
عوام نے ایک بار پھر ایاز صادق پر اعتماد کا اظہار کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا این اے 122 کی فتح پر نواز شریف کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عمران خان دھاندلی کا شور مچانا چھوڑ کر ملک کی ترقی کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔
ایاز صادق کی جیت عوام کا پیغام ہے کہ مل کر پاکستان کیلئے کام کرو ہمارا ایجنڈا پاکستان کا ایجنڈا ہے۔
اس موقعہ پر مسلم لیگ ن کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ عوام کی عدالت نے ان کے حق میں دوبارہ فیصلہ دیا ہے۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جیت نے یہ دن عید کا دن بنا دیا ہے۔