عمران خان پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کا جواب جمع کرانے سے انکارکردیا، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو ایک اور موقع دیتے ہوئے کہا کہ اگر جواب جمع نہ کرایا گیا تو پھر کاروائی کریں گے۔
Party funding case: PTI refusing to submit reply
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضاکا کہنا تھا کہ اپنے دائرہ اختیار سے آگاہ ہیں اور اس حوالے سے پہلے ہی حکم دے چکے ہیں۔ عمران خان کے وکیل کا موقف ہے کہ جب کیس سپریم کورٹ کے سامنے ہے تو پھر الیکشن کمیشن کو جواب نہیں دے سکتے، سپریم کورٹ میں پائی پائی کا حساب دے چکے ہیں۔ اکبر ایس بابر اور ہاشم بھٹہ کیسز کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بیرون ملک اور غیر قانونی فنڈنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر پہلے ہی فیصلہ دے چکے ہیں۔
وکیل اکبر ایس بابر کی استدعا پر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کا کہنا تھا کہ اگر 6جولائی تک جواب جمع نہ کرایا گیا تو سمجھیں گے کہ تحریک انصاف کے پاس کوئی جواب نہیں اور پھر کمیشن فریقین کے دلائل سنے گا۔ اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ وہ درجنوں بار اس کیس میں الیکشن کمیشن آچکے ہیں، وہ انصاف کے متمنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جواب جمع کرانے کے بجائے آئینی ادارے پر الزامات لگانا شروع کر دئیے ہیں۔