نواز شریف قانون اورآئین کے دائرے میں رائے دیتے رہیں گے، سیاستدانوں کے منہ بند نہیں کیے جا سکتے: سعد رفیق کی میڈیا سے گفتگو
لاہور: سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو کے صاحبزادے اسد جونیجو نے رائیونڈ جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اسد جونیجو نے میاں نوازشریف کو سندھ کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کے لئے بہت سے مواقع ہیں اور لوگ نوازشریف کے منتظر ہیں۔ اسد جونیجو نے میاں نوازشریف کو دورہ سندھ کی دعوت بھی دی جسے میاں نوازشریف نے قبول کر لیا۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ وہ جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ سندھ میں پارٹی کی شہری تنظیموں کو بھی کہا ہے کہ وہ متحرک ہوں اور آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) سندھ میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ نواز شریف نے کہا محمد خان جونیجو مرحوم کی سیاسی خدمات قابل ستائش ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن 2018 کے انتخابات میں صوبہ سندھ میں بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے مشاورتی اجلاس میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو لندن میں زیر علاج اپنی اہلیہ کی تیمار داری کے لئے بیرون ملک جانے کا مشورہ دیدیا جبکہ اعلیٰ قیادت اور رہنمائوں کے درمیان مجموعی سیاسی صورتحال، مستقبل کے لائحہ عمل اور این اے 120 کے ضمنی انتخاب پر مشاورت کا سلسلہ جاری رہا۔ حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں رہنماؤں کا الگ اجلاس ہوا جس میں انتخابی مہم اور الیکشن کمیشن کی طرف سے وزرا کو نوٹسز کے اجرا پر گفتگو ہوئی اور اس حوالے سے عدالت سے رجوع کرنے پر مشاورت کی گئی۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمارے لیڈر عدلیہ مخالف تقاریر نہیں کرتے، عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر تبصرہ کرنا ہمارا حق ہے، قانون اورآئین کے دائرے میں رائے دیتے رہیں گے، سیاستدانوں کے منہ بند نہیں کیے جا سکتے۔
سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف لندن جانے پر غور کر رہے ہیں، نواز شریف کی اہلیہ کی طبیعت ناساز ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے تقاریر نشر کرنے پر پابندی سے متعلق خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمیشہ عدلیہ کا احترام کرتے رہے ہیں، آئین کے مطابق تقریر کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، سیاستدانوں کا منہ بند کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی رائے دیتے رہیں گے، اسد جو نیجو کے (ن) لیگ میں آنے سے سندھ میں پارٹی کو تقویت ملے گی۔