پشتون خوا ملی عوامی پارٹی آج کوئٹہ میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے سابق وزیراعظم نواز شریف بھی خطاب کریں گے۔جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ممتاز علمی ،ادبیشخصیت اور قوم پرست سیاست داں عبدالصمدخان اچکزئی کی برسی کےحوالےسے آج کوئٹہ میں پشتونخواہ میپ کے زیر اہتمام ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ منعقد ہوگا، جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے کوئٹہ شہر کی مختلف سڑکوں اور جلسہ گاہ میں پارٹی پرچم اور خیر مقدمی بینزر لگادئیے گئے ہیں،پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی دعوت پر سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ ن کے مرکزی صدرنوازشریف بھی آج کے اس جلسہ میں شرکت کریں گے اور شرکاء سے خطاب کریں گے۔
پشتونخواہ میپ کے ایک رہنما کا کہنا ہے کہ جلسہ گاہ میں عوام کی بھرپور شرکت کے پیش نظر بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں اور شرکاء کے بیٹھنے کے لئےتقریبا تیس ہزار سے زائد کرسیاں لگادی گئی ہیں۔ جلسے سے پشتون خوا ہ ملی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی اور دیگر پارٹی رہنما بھی خطاب کریں گے، دوسری جانب متعلقہ سیکورٹی حکام کی جانب سے جلسہ کی سیکورٹی سے متعلق سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ پولیس کے ساتھ ایف سی کی بھی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ پارٹی کے رضاکار بھی سیکوٹی کے فرائض انجام دینگے۔