رسال پور: پاکستان ائیرفورس اکیڈمی اصغر خان میں 137 ویں جی ڈی پی، 83 ویں انجینئرنگ کورس کی گریجوایشن پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
رسالپورمیں پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان میں 137 ویں جی ڈی پی، 83 ویں انجینئرنگ کورس کی گریجوایشن پریڈ کا انعقاد ہوا۔ رسالپور اکیڈمی میں 113 ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے، پریڈ میں 93 ائیر ڈیفنس، 18 اے اینڈ ایس ڈی، 6 نیوی گیشن اور2 لاجسٹکس کورسز بھی گریجویشن میں شامل ہیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم نوازشریف تھے جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا، پاسنگ آؤٹ پريڈ ميں وزيردفاع خواجہ محمد آصف، پاک فضائيہ كے سربراہ ايئر چيف مارشل سہيل امان، گورنر خيبر پختونخوا ظفر اقبال جھگڑا، سفارتكاروں ، اعلی عسكری حكام سمیت غیرملکی عہدیداران نے بھی شركت كی۔ پاسنگ آؤٹ كی تقریب میں بہترين كاركردگی پر انڈرآفيسر نوشيروان علی نے اعزازی شمشيرحاصل كی۔ وزيراعظم نے نمبر ایک چيمپين اسكوارڈن كو قائد اعظم بينربھی ديا، 93 ايوی ايشن كورس ميں بہترين كاركردگی پر عمران خان كو ٹرافی دی گئی جبكہ انجينئرنگ كے شعبہ ميں بہترين كاركردگی كا مظاہرہ كرنے پرمہرين اعظم نے ٹرافی اور ونگ انڈر آفيسر مبشر آفتاب كو بھی ٹرافی سے نوازا گيا۔ رسالپورمیں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن اور ذمہ دار ملک ہے، پاکستان تمام دنیا سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے بالخصوص ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے جب کہ مسلح افواج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔