اسلام آباد……پٹھان کوٹ حملے پر تحقیقات کیلئے بھارت کے دیے گئے فون نمبر غیر رجسٹرڈ نکلے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے ابتدائی تحقیقات بھارت کو فراہم کردیں۔ بھارت کی جانب سے تحقیقات کاجواب آج متوقع ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کوٹیلی فون نمبراورفون انٹرسیپٹ فراہم کیے تھے،بھارت کا دعویٰ تھا کہ پٹھان کوٹ حملہ آوروں نے ان نمبروں سے بات کی تھی،بھارت کی طرف سے معلومات کے بعدپاکستانی اداروں نے اس پرفوری کام کاآغازکیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حملہ آور کالعدم جیش محمد سے تعلق رکھتے ہیں،تحقیقاتی ادارے پٹھان کوٹ حملہ آوروں کے بارے مزیدتحقیقات بھی کررہے ہیں۔دوسری طرف بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج اوروزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کی ملاقات 45 منٹ بعد ختم ہوگئی۔ا س حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 15جنوری کو پاک بھارت خارجہ سیکریٹری مذاکرات سے متعلق فیصلہ آج متوقع ہے۔بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کیلئے نامزد نئے ہائی کمشنر گوتم بمبا والے کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔گوتم بمبا والے کی کل اسلام آباد آمد متوقع ہے۔ آج کی سشما سوراج اور راج ناتھ سنگھ کی ملاقات میں گوتم بھی شریک تھے۔