پٹنہ (کامران غنی) شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں ریسرچ اسکارلز کی تنظیم “بزم تحقیق” کے زیر اہتمام سر سید تقریبات جاری ہیں. آج اس تقریب کے تحت ایم اے سال اول و دوم کے طلبہ طلبات کے درمیان کوئز مقابلہ کا اہتمام کیا گیا تھا. پروگرام کی صدارت سابق صدر شعبہ اردو ڈاکٹر اشرف جہاں نے کی جبکہ نظامت کا فریضہ ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے انجام دیا.
مہمانان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر سعید عالم، ڈاکٹر صادق حسین اور ڈاکٹر سرور عالم ندوی شریک محفل تھے. پروفیسر سعید عالم نے بزم تحقیق کی جانب سے سر سید تقریبات کے انعقاد پر فرحت و انبساط کا اظہار کرتے ہوئے شعبہ کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالر کی ستائش کی. انہوں نے کہا کہ اس کوئز مقابلہ میں شریک ہو کر خود انہیں بھی سر سید کے تعلق سے بہت کچھ جاننے کا موقع ملا. پروفیسر سعید عالم نے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں کا اہتمام ہوتے رہنا چاہئے اس سے طلبہ کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کا موقع بھی ملتا ہے. ڈاکٹر صادق حسین اور ڈاکٹر سرور عالم ندوی نے بھی پروگرام کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی.
کوئز مقابلہ کی نظامت ڈاکٹر زرنگار یاسمین اور محمد منہاج الدین نے کی. تین راؤنڈ کے دلچسپ مقابلے کے بعد تیسرے سمسٹر کے طلبہ نے پہلے سمسٹر کے طلبہ کو شکست دی.
بزم تحقیق کی جانب سے سر سید تقریبات کے تحت آج ریسرچ اسکالرز سمینار کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ 17اکتوبر کو سلسلہ تقریبات کے آخری دن اختتامی تقریب منعقد ہوگی جس کی صدارت مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اعجاز علی ارشد فرمائیں گے. کلیدی خطبہ اردو ڈائرکٹوریٹ کے ڈپٹی ڈائرکٹر خورشید اکبر کا ہوگا، مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر قاسم خورشید اور مہمانان اعزازی کی حیثیت سے مشتاق احمد نوری، سکریٹری بہار اردو اکادمی اور پروفیسر اسرائیل رضا سابق صدر شعبہ اردو، پٹنہ یونیورسٹی شریک ہوں گے. اختتامی تقریب میں ہی مختلف مقابلوں کے کامیاب شرکا کو انعامات سے نوازا جائے گا.