کراچی : قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہدآفریدی نے کہا ہے کہ پی سی بی کو محمد آصف، سلمان بٹ اور محمد عامر کے حوالے سے بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا، ایسا نہ ہو کہ جلد بازی میں فیصلے کا خمیازہ آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑے۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہد آفریدی نے کہا کہ بورڈ کو تینوں کرکٹرز کے حوالے سے مربوط اور مثبت حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
اسپاٹ اور میچ فکسنگ جیسی لعنت نے کرکٹ کے حسن کو مسخ کیا ہے، ایسا کرنے والوں کو سزا بھی اسی انداز کی ملنی چاہیے، جہاں تک آصف ،سلمان اور عامر کا تعلق ہے میں سمجھتا ہوں کہ ان کے بحالی پروگرام اور کرکٹ میں واپسی سے متعلق پی سی بی کو بہت سوچ سمجھ کر ایسی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے جو مستقبل کے نوجوان کرکٹرز کیلیے معاون و مدد گار ہو۔
ساتھ ہی ان کرکٹرز کی میدان میں واپسی کے بعد دوبارہ پاکستان کرکٹ میں ایسی حرکت سرزد نہ ہو سکے، انھوں نے کہا کہ اس وقت اگر مثبت فیصلہ کرکے اس پر عملدرآمد بھی ہو جائے تو ٹھیک ہے ورنہ اس کے اثرات آئندہ نسلوں کو بھگتنا پڑیں گے۔