پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس جمعرات کو لاہور میں ہوگا۔
پی سی بی کا گورننگ بورڈ جمعرات کی صبح 11 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں 44 ویں میٹنگ کیلیے اکھٹا ہوگا، ان دنوں پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کے سبب ملکی کرکٹ بحران کی زد میں ہے، مگر حیران کن طور پر یہ معاملہ ایجنڈے میں شامل ہی نہیں کیا گیا، اجلاس میں چیئرمین پی سی بی شہریارخان اپنی رپورٹ پیش کریں گے، وہ آئی سی سی میں پاکستان کے معاملات اور دیگر فیصلوں کے حوالے سے ارکان کو اعتماد میں لیںگے۔ اس موقع پر سالانہ اجلاس عام کے حوالے سے بھی بات ہوگی جس کا انعقاد 30 اپریل کو لاہور میں ہونا ہے، ڈومیسٹک افیئرز، کرکٹ اور گیم ڈیولپمنٹ تینوںکمیٹیز اپنی اپنی رپورٹس پیش کریں گی۔ آئی سی سی نے ’’ٹو ٹیئر‘‘ ٹیسٹ کے حوالے سے پاکستان سے بھی رائے مانگی ہے یہ معاملہ غورکیلیے کرکٹ کمیٹی کو سونپا جائے گا۔ پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی ایونٹ کے حوالے سے شرکا کو اپ ڈیٹ دیں گے، گورننگ بورڈ کے موجودہ ارکان کی میعاد اگست تک ہے جبکہ ممبرز شامل کرنے کے حوالے سے قوائد طے کرنے پر بھی بات ہوگی۔