counter easy hit

پی سی بی کھلاڑیوں پر مہربان، سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم دوگنا کرنے کی پیشکش

PCB

PCB

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لئے وننگ بونس ختم کر کے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم دگنی کرنے کی پیش کش کر دی ہے۔

اعلان آئندہ ہفتے میں ہوگا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ پر بات چیت اگرچہ آخری مرحلے میں ہے لیکن اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا ابھی طے نہیں پایا ۔ کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے وننگ بونس ختم کرنے کی ضد میں ہے لیکن بدلے میں جن مراعات کی پیشکش کی جا رہی ہیں وہ بھی آنکھیں کھول دینے کے لیئے کافی ہے۔

پی سی بی نے قومی کرکٹرز کی سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم کو دوگنا کرنے کی تجویز دی ہے جس پر بیشتر کھلاڑی راضی بھی ہوچکے ہیں۔ سینٹرل کنٹریکٹ طے پا گیا تو اے کیٹگری کے کھلاڑی کو ماہانہ نو لاکھ روپے ، بی کیٹگری والے کو ساڑھے چھ ، سی کیٹگری کو ساڑھے تین اور ڈی کیٹگری میں شامل کرکٹرز کو دو لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچ فیس میں بھی پچاس فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے سنچری سکور کرنے والے بلے باز اور پانچ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کو اضافی رقم ملتی تھی جبکہ اپنے سے بہتر رینکنگ کی ٹیم کو ہرانے پر بھی ٹیم کو اضافی رقم دی جاتی ہے جو اب نہیں ملے گی لیکن چیئرمین پی سی بی کی صوبداید ہے کہ وہ اپنے طور پر انعام کا اعلان کر سکتے ہیں۔