لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور درپیش مسائل کے حل کیلئے طلب کی جانے والی گول میز کانفرنس منسوخ کر دی ہے۔
کرکٹ بورڈ کی یہ کانفرنس چھ اور سات مارچ کو لاہور میں منعقد ہونا تھی جس میں کئی نامور سابق کرکٹرز کو مدعو کیا گیا تھا۔
تاہم اب پی سی بی نے ایک بیان کے ذریعے اس کانفرنس کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس کی وجہ ‘حالیہ پیش رفت’ کو قرار دیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کانفرنس کے بجائے اب کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ورکنگ گروپ کے ساتھ سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے اور ان سے کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے تجاویز لیں گے۔
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور نظام میں بہتری کے لیے جہاں پی سی بی پاکستان سپر لیگ جیسا ایونٹ منعقد کر رہا ہے وہیں چیئرمین پی سی بی نے گول میز کانفرنس کا بھی فیصلہ کیا تھا۔
لیکن اب کرکٹ بورڈ متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں دو کرکٹرز خالد لطیف اور شرجیل خان کی معطل کر چکا ہے جب کہ اس حوالے سے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے تازہ ترین پیش رفت گزشتہ روز یعنی منگل کو برطانیہ میں ہوئی جہاں لندن کی نیشنل کرائم ایجنسی نے نام ظاہر کیے بغیر ‘بین الاقوامی سطح پر کرکٹ میچ کی فکسنگ کے حوالے سے’ دو افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی۔
پی سی بی کے ایک اہلکار نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ برطانیہ میں گرفتار ہونے والے دو افراد میں سے ایک کرکٹر ناصر جمشید ہیں۔