اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے راہنمائوں کے خلاف مقدمات اور جلسوں میں رخنہ اندازی کے بعد حکومت مخالف تحریک میں مزید شدت آگئی ہے۔ پی ڈی ایم کے ترجمان میاں افتخارحسین کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے آج سے ملک بھر میں حکومت کےخلاف مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے پشاور میں ایف آئی آر درج کی گئی اور پھر ملتان میں کارکنان کوگرفتارکیا گیا، پی ڈی ایم رہنماؤں کے خلاف مقدمات حکومت کی بوکھلاہٹ ہے۔ انہوں نےکہا کہ جیل سیاستدان کا دوسراگھر ہے لہٰذا اپوزیشن کو ایسی دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔دوسری جانب وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کسی کو جلسوں سے نہیں روکیں گے بلکہ قانونی کارروائی کریں گے۔