اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات عمل کے آغاز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ انتہائی تعجب کی بات ہے جب انھوں نے امن مذاکرات کی تجویز پیش کی توانھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراپنے پیغام میں انھوں نے کہاکہ ان کی جانب سے امن مذاکرات کی تجویز پر تو انھیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم اب امریکا کی منظوری سے پاکستان افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بات چیت کے عمل کی میزبانی میں مصروف ہے۔
دریں اثنا عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں حادثے کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکت پر انتہائی رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور شہریوں کی اموات کی شرح میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے، حکومت کے فرائض میں شامل ہے کہ وہ نقل وحمل کے ذرائع محفوظ بنانے کے لیے موثر اقدام کرے۔