اسلام آباد(ایس ایم حسنین) جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل سے وابستہ ہے۔ یہ بات امریکہ میں پاکستانی سفیر اسد مجید نے ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی غیرقانونی زیر قبضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے باعث پورے خطے کا امن خطرے میں ہے، پاک امریکا تعلقات خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ امریکی کمپنیاں 220 ملین صارفین پر مشتمل پاکستان کی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاک امریکا معاشی شراکت داری اور تعلقات خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان آئی ٹی، توانائی ، سیاحت اور دیگرشعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا خواہاں ہے۔ ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت کشمیریوں کو بنیادی حقوق اور شناخت سے محروم کرنے کے گھناؤنے ایجنڈے پرعمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے اتحاد نے اس خطے میں اہم اور بڑے نتائج حاصل کیے ہیں، افغانستان میں امن کی کوششوں میں پیش رفت پاک امریکا تعاون کی ایک مثال ہے، وزیر اعظم عمران خان تمام فریقین کے ساتھ مفاہمت کے ذریعے افغانستان میں امن کے حصول کے دیرینہ حامی ہیں۔