اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیزسید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے پنشن ڈے منانے کا مقصد مزدور دوست صنعتکاروں کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے، مزدور دوست اجر پنشنرز کی فلاح کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں،
تمام پرائیویٹ اداروں سے درخواست ہے کہ کم از کم اجرت کے فارمولہ کے مطابق ای او بی آئی کے واجبات باقاعدگی سے ادا کرتے رہیں تاکہ ضعیف اورریٹائرڈ مزدوروں کو مسلسل ان کا حق ملتا رہے، مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر حد تک جائیں گے، جو اجر اپنا حصہ ادا نہیں کر رہے ان سے وصولی کو ہر حال میں یقینی بنائیں گے۔وہ بدھ کو یہاں منعقدہ پہلی پنشن ڈے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سیّد ذوالفقار بخاری نے کہا کہ ملک کے کمزور طبقات اور مزدوروں کے مفادات کا تحفظ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، اس سال 33 ارب روپے مزدوروں کی پنشن کی مد میں ادا کئے گئے، اس سال 20 ارب سے زائد کی رقم پاکستان بھر کے اجروں سے جمع کی گئی جسے ملازمین کی پنشن کیلئے استعمال کیا گیا، مزدور دوست ادارے ہمارا اثاثہ ہیں اور میں ملازمین کے حقوق کا تحفظ کرنے والوں صنعتکاروں اور اداروں کا مشکور ہوں، بنیادی پنشن کی فراہمی میں اضافہ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، بنیادی پنشن کو 5250 روپے سے بڑھا کر 6500 روپے تک لے گئے، تحریک انصاف کی حکومت کو اس بات کا ادراک ہے کہ اتنے پیسوں میں گزارا مشکل ہے، ہماری کوشش ہے کہ بنیادی پنشن کو اپنے دور میں 15000 روپے تک بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی کرپشن کی وجہ سے ای او بی آئی کا ادارہ بدحالی کا شکار تھا، ماضی کی بدانتظامی کی وجہ سے مزدوروں کو فوائد نہ مل سکے، ہماری حکومت سالوں کی بدانتظامی کا ازالہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اگر آپ کو کہیں بھی کرپشن نظر آئے تو شکایت سیل پر اپنی شکایات کا اندراج کرائیں، 48 گھنٹوں میں ازالہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اداروں میں کام کرنے والے افراد ای او بی آئی کے ساتھ ضرور رجسٹر ہوں تاکہ انہیں پنشن مل سکے، بہت سے لوگ رجسٹرڈ نہ ہونے کی وجہ سے پنشن کے حق سے محروم رہ جاتے ہیں، حال ہی میں او ای سی ٹاور لیز پر دیا جس سے 23 کروڑ سالانہ آمدن ہو گی، یہ پیسہ پنشن کی مد میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ کیا جائے گا۔انہوں نے پنشنرز کی فلاح اور سہولت کیلئے مزید اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سیکرٹری اوورسیز عامر حسن اور چیئرمین ای او بی آئی اظہر حمید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں مختلف اداروں کی ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا حصّہ ادا کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا گیا۔ میڈیا انڈسٹری میں جنگ گروپ، ایکسپریس پبلیکیشنز اور ہیرالڈ پبلیکیشنز کو پنشن واجبات ادائیگی کے اعتراف میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔