کراچی; نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو کے دوران اینکر نے سابق صدر آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ کیا آپ بے نظیر بھٹو کو یاد کرتے ہیں؟ جس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں 24 گھنٹے انہیں یاد کرتا ہوں، میرا اپنا طریقہ ہے،
ہم ایک دوسرے سے بات بھی کرتے ہیں۔ اینکر نے سوال کیا کہ لوگ آپ کو چور ، ڈاکو اور بی بی کا قاتل کہتے ہیں ، آپ کو یہ سُن کر کیسا لگتا ہے؟ جس پر آصف علی زرداری نے جواب دیا کہ میرے منہ پر کسی نے یہ پہلی مرتبہ کہا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی منفی بات کو زیادہ دل پر نہیں لینا چاہئیے۔ جو لوگ ایسا کہتے ہیں وہ خدا نہیں ہیں، اللہ ان کو معاف فرمائے، جو لوگ میرے بارے میں ایسا کہتے ہیں انہوں نے ہر چیز کر کے دیکھ لی ہے، کسی چیز میں ان کا بس نہیں چلا اب یہ بھی کر دیکھ لیں کیونکہ ہم تو بنے ہی اس دن کے لیے ہیں۔اسی انٹرویو میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ میں حکومت بنا سکتا ہوں یا میں کنگ میکر ہوں میں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کی ہی بات کی ہے اور میں اب بھی یہی کہہ رہا ہوں کہ جس نے بھی الیکشن کے بعد حکومت بنانی ہے اسے پیپلز پارٹی سے بات کرنا ہوگی۔
الیکشن بائیکاٹ کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے کہاکہ ہم کسی صورت الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے کیونکہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے مسئلے کا حل الیکشن میں حصہ لینا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ نواز شریف کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ ختم ہو گئے ہیں ایسا نہیں ہے ، سیاستدان کبھی نہیں مرتا، سیاستدان ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔ نواز شریف کو موقع دینے سے متعلق سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نواز شریف کو چانس دوں گا یا نہیں یہ فیصلہ حالات پر انحصار کرے گا۔