اسلام آباد: عمران خان نااہلی کیس کے فیصلے کے موقع پر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کےکارکنوں کی بڑی تعداد سپریم کورٹ کے باہر جمع ہوگئی جس کے نتیجے میں صورت حال کشیدہ ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں نے وزیر اعظم عمران خان کے نعرے لگائے۔ جب کہ لیگی کارکنوں نے اے ٹی ایم کارڈ ہاتھوں میں لے کر عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی۔
سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین کی نااہلی کیس کے فیصلے کے موقع پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر جمع ہوئی۔ تحریک انصاف اور ن لیگ کے وکلاء و سیاسی رہنماؤں سے کمرہ عدالت نمبر ایک بھی کھچا کھچ بھر گیا۔ دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کی جس کے نتیجے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
پولیس نے سیاسی کارکنوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی جبکہ شاہراہ دستور کو سپریم کورٹ کے سامنے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔ ناخوشگوار صورت حال پر قابو پانے اور مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری احاطہ عدالت کے اندر اور باہر تعینات رہی جب کہ واٹر کیننن بھی منگوائی گئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔