سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘’پدماوتی‘ کی مشکلات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی،جو شوٹنگ سے لے کر ابتک مسائل کا شکار ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فلم کے حوالے سے جہاں کئی ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا دیکھنے میں آیا۔ اب بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے وزیر چنتا مالویا نے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جیسے لوگوں کو سمجھانے کا کوئی فائدہ نہیں ایسے لوگ صرف جوتوں کی زبان سمجھتے ہیں۔
چنتا مالویا نے سنجے لیلا بھنسالی کو خوب کھری کھری سناتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ وہ اس فلم کو نہ دیکھیں، فلمساز چند پیسوں کے لالچ میں تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہیں، رانی پدماوتی ہر بھارتی عورت کے لیے باعث احترام ہیں، انہوں نے اپنی عزت بچانے کے لیے خود کو آگ میں جھونک دیا تھا لہٰذا ان کی کہانی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا باعث شرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھنسالی جیسے لوگوں کو کوئی بھی زبان سمجھ نہیں آتی، ان جیسے لوگوں کو صرف جوتوں کی زبان سمجھ آتی ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز سنجے لیلا بھنسالی کی جانب سے ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں انہوں نے اس بات کی وضاحتی کی تھی اس فلم میں پدماوتی اور علاؤالدین خلجی کے درمیان ایسا کوئی سین نہیں ہے، جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں۔