اسلام آباد( نیوز ڈیسک) قوم سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کورونا فنڈ کے نام سے نیا اکاونٹ کھولنے کا اعلان کیا ، جس میں پاکستان کے مخیر حضرات اور اوور سیز پاکستانیوں سے اپیل کیا گئی ہے کہ وہ اس فنڈ میں دل کھول کر حصہ ڈالیں، اور اگر کوئی اس میں رقم ڈالتا ہے تو اس سے ذریعہ معاش نہیں پوچھا جائے گا نہ ہی کسی قسم کا ٹیکس عائد کیا جائے گا۔اکاونٹ فعال کرنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پیغام چھوڑا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ نوجوان کرونا جیسی آفت سے نمٹنے کی کوششوں میں ہمارا ہاتھ بٹائیں اور ہماری کرونا ٹائیگر فورس جسے اس وباء سے جنم لینے والے مصائب کیخلاف جہاد کیلئے منظم کیاجائے گا، کا حصہ بنتے ہوئے بیماری کیخلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں‘‘۔
وزیر اعظم عمران خان کے اس پیغام پر ن لیگ کی سرگرم خاتون رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ بھی میدان میں آگئیں اور وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’سب سے پہلے آپ، ترین، علیم، واوڈا اور دیگر ایک ایک کروڑ جمع کرا کر نیک فنڈ کا آغاز کریں۔۔‘‘
ایک اور پیغام میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ’’اپنے بچوں کو بھی اس فورس میں شامل کر کے مثال قائم کریں۔۔۔‘‘