راولپنڈی (جیوڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کا عزم کرلیا ہے اس لئے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عوام اپنی صفوں میں چھپے دشمنوں کی نشاندہی کریں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم سینٹر پبی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سینٹر سے پاس آؤٹ ہونے والے پہلے کاؤنٹر ٹیرر ازم بیج کی مہارت کا جائزہ لیا، تربیت حاصل کرنے والے بیج میں 500 سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں جن میں صوبوں سے پولیس اور ایلیٹ فورس کے 200، رینجرز، ایف سی، ایس پی ڈی اور اے این ایف کے 200 اہلکار شامل ہیں جب کہ 100 اہلکاروں کا تعلق پاک فضائیہ اور بحریہ سے ہے۔
اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تربیت کے لئے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک پیچھا کرنے کے لئے سیکیورٹی اہلکاروں کی تربیت کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا انٹیلی جنس نظام اتنا مربوط ہو کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی پیشگی اطلاع مل سکے، دہشت گردی کے خلاف آپریشن بلاخوف جاری رہنا چاہئے جب کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عوام اپنی صفوں میں چھپے دشمنوں کی نشاندہی کریں۔