پشاور : چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم خیبرپختونخوا میں بہترین بلدیاتی نظام لائیں گے اور اختیارات اور وسائل کو نیچے تک لے جائیں گے جب کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ ملک میں بلدیاتی نظام نہیں لاناچاہتے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں کرپشن کے خلاف رینجرز سے مدد مانگی جارہی ہے اور صوبے کے لوگ احتساب چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں احتساب کا مضبوط نظام موجود ہے اور احتساب سیل کو اور زیادہ مضبوط کررہے ہیں اسی لیے وہاں کرپشن کے خاتمے کے لیے کسی کی مدد نہیں مانگی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا مثالی صوبہ بن رہا ہے آج ہر کوئی وہاں کی پولیس کی مثالیں دے رہا ہے یہاں تک کے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے بھی تعریف کی لیکن سندھ پولیس پر عوام کا اعتماد ختم ہورہا ہے اور پنجاب پولیس مکمل طور پر سیاست زدہ ہوچکی ہے۔چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بڈھ بیرکیمپ حملے کے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں جب کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوامیں بہترین بلدیاتی نظام لائیں گے اور اختیارات اوروسائل کونیچےتک لےجائیں گے، عوامی نمائندوں کوترقیاتی فنڈز دلوائیں گے جب کہ آئندہ کسی کواپنے رشتےدارکوٹکٹ دینے کی اجازت نہیں ہوگی، بلدیاتی انتخابات میں ڈسپلن کی خلاف ورزیاں سامنےآئی ہیں جس پر مایوسی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ ملک میں بلدیاتی نظام نہیں لاناچاہتے۔
نوازشریف سمجھتے ہیں کہ فلائی اوور بناکر تبدیلی لائی جاسکتی ہے جب کہ ہم ایسا نظام لائیں گے جس سے خیبرپختونخوا کے اسپتال ملک میں مثالی بن جائیں گے۔