ملتان : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی 80 اور 90 کی دہائی کی سیاست نہیں کرنا چاہتی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی 80 اور 90 کی دہائی کی سیاست نہیں کرنا چاہتی تاہم جمہوریت اور پارلیمینٹ کو بچانے کے لیے ہمیشہ آگے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بجلی اور کسانوں کا مسئلہ ہے اور میں بیک ڈور پالیسی پر یقین نہیں رکھتا اور نہ ہی فرینڈلی اپوزیشن پر تاہم ان مسائل پر بات کرنے کا مقصد جارحانہ سیاست نہیں ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ اپنی قوت پر یقین رکھتی ہے اور ہمیں بھارت سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ ان سے کشمیر سمیت تمام مذاکرات پر بات کرنی چاہیے مگر کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور پروجیکٹ 22 ارب کا تھا جو اب 75 ارب تک پہنچ گیا ہے جب اس سلسلے میں ہم نے بھی ایڈیٹر جنرل کو خط لکھا ہے۔