کراچی : سندھ میں حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے دبئی میں بلایا گیا جہاں خصوصی اجلاس منگل کی شام پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں منعقد ہوا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بعض وزارتوں اور سرکاری محکموں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جس کے بنیاد پر یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بعض وزیروں کے قلمدانوں میں تبدیلیاں کی جائیں گی جبکہ کچھ نئے لوگوں کو بھی سندھ کابینہ میں شامل کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے خراب کارکردگی رکھنے والے محکموں کے سربراہان اورکرپٹ افسران کے اپنے عہدوں پر برقرار رہنے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کریں۔
امکان ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی دبئی سے واپسی پربیوروکریسی میں مزید تبدیلیاں سامنے آئیں گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے سندھ کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے۔