اسلام آباد: 15ویں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے پہلے دن پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان نعرہ بازی کا زبردست مقابلہ ہوا، تاہم مسلم لیگ (ن) نعرہ بازی کی جنگ میں جیتتی ہوئی نظر آئی، پیپلز پارٹی نے نعرہ بھٹو، تحریک انصاف نے وزیر اعظم عمران خان اور مسلم لیگ (ن) نے دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگائے۔
تفصیلات کے مطابق پندرہویں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے پہلے دن تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے زبردست نعرہ بازی کی، نعرہ بازی کی ابتداء پیپلز پارٹی کی رکن شگفتہ جمانی نے آصف علی زرداری کا نام اراکین کی فہرست پر دستخط کے لئے پکارے جانے پر کی۔ شگفتہ جمانی نے نعرہ بھٹو کا نعرہ لگایا، بعد میں بلاول بھٹو کا نام پکارے جانے پر بھی شگفتہ جمانی نے یہی نعرہ لگایا جس پر ان کی جماعت کے ارکان نے ان کا بھرپور ساتھ دیا، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نام پکارے جانے پر تحریک انصاف نے ان کے حق میں بھرپور نعرہ بازی کی اور وزیر اعظم عمران خان کے نعرے لگائے، تاہم نعرہ بازی کی جنگ میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوتی دکھائی دی، جب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز سریف کا نام لیا گیا تو مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے ڈیسک بجانے کے ساتھ ساتھ پرجوش نعرے لگائے، لیگی ارکان نے دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگائے۔