اسلام آباد : سپریم کورٹ بار کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بار کی جانب سے اس عزت افزائی کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور کوشش کرونگا کہ بار کی توقعات پر پورا اتروں، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ماضی قریب میں بنچ اور بار کے تعلقات میں کشیدگی رہی ہے۔
بار کے مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ ماتحت عدلیہ کے ججز کو وہ عزت و احترام نہیں ملا جو ملنا چاہئے تھا۔ عدالت کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ بنچ کو بھی خود احتسابی کے عمل سے گزرنا چاہئے۔
کسی کو بھی مسٹر پرفیکٹ ہونے کی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے۔ ججز کے فیصلے ان کی سوچ کی غمازی کرتے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کو کورٹ رپورٹنگ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ بنچ بار کا مقصد سائلین کو جلد اور بہترانصاف فراہم کرنا ہے۔