ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے صوبہ کے لیے پارٹی کی صدارت کا عہدہ مانگ لیا ہے۔
تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور پر غور کیا گیا جبکہ اجلاس میں پارٹی کے مختلف عہدوں کی تقسیم کے حوالے سے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اجلاس میں اعلیٰ قیادت سے پارٹی کی صدارت کا عہدہ مانگا ہے ۔ جیو نیوز سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پارٹی اجلاس میں عہدوں کی تقسیم کے حوالے سے معمول کی بات چیت ہوئی، انھوں نے کہا کہ انھوں نے پارٹی عہدے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ صوبوں میں پارٹی کے عہدے یکساں بنیاد پر دینے کی تجویز دی ہے۔