آسٹریلین کرکٹ ٹیم اپنی فیورٹ شکار گاہ پرتھ میں خود ہی جال میں پھنس گئی ہے۔ جنوبی افریقا نے بیٹنگ کے بعد اب بولنگ میں بھی بھرپور وار کرتے ہوئے کینگروز کو غیر متوقع شکست کی جانب دھکیل دیا ہے۔
سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کے 539 رنز پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں ہوم سائیڈ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور169رنز پر4 بیٹسمین پویلین لوٹ چکے ہیں۔ اسے جیت کیلئے 370رنز درکار ہیں۔
ہوم ٹیم کی تمام امیدیں 58رنز پر ناٹ آئوٹ عثمان خواجہ اور 15 رنز بنا کر ان کا ساتھ دینے والے مچل مارش سے وابستہ ہیں۔ قبل ازیں اتوار کو پروٹیز نے اپنی دوسری اننگز6 وکٹوں کے نقصان پر390 رنز سے شروع کی اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر540رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔
فلینڈر اور ڈی کاک نے اسکور میں مزید 78رنز کا اضافہ کیا۔ جب جنوبی افریقہ کا اسکور 468 رنز پر پہنچا تو ڈی کاک کو مچل مارش نے آئوٹ کردیا۔ انھوں نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔
نئے بیٹسمین کیشو مہاراج نے فلینڈر کے ساتھ آٹھویں وکٹ کیلئے72رنز کا اضافہ کیا۔ فاسٹ بولر فیلنڈر کی 73 رنز کی اننگز کا خاتمہ اسٹیون سمتھ کے ہاتھوں ہوا، اس وکٹ کے ساتھ ہی جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔کیشو مہاراج 41رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے 539رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے اوپنرز نے ٹیم کو 52رنز کا آغاز دیا۔ ڈیوڈ وارنر اس بار زیادہ کامیاب نہ ہوسکے اور35 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہوئے۔ اسی اسکور پر دوسرے اوپنر شان مارش 15 رنز بنانے کے بعد ربادا کی گیند پر ڈوپلیسی کو کیچ دے بیٹھے۔
اسٹیون اسمتھ اور عثمان خواجہ نے تیسری وکٹ پر 92رنز کی شراکت قائم کی اس خطرناک پارٹنرشپ کا خاتمہ ربادا نے اسمتھ کو آئوٹ کرکے کیا، جو 34 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔
چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے 4وکٹوں کے نقصان پر169رنز بنا لئے ہیں ،جبکہ مچل مارش15اور عثمان خواجہ58رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔