لاہور : اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ کسانوں کے لئے جس پیکج کا اعلان کیا گیا ہے اس میں تمام صوبوں سے اپنا حصہ ڈالنے کا کہا گیا ہے لیکن کسی بھی صوبے سے مشاورت نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ رقم صوبے دیں اور اشتہار پر تصویر وزیر اعظم کی شائع ہو۔ چودھری پرویز الہی نے مزید کہا کہ یہ پیکج دراصل بلدیاتی انتخابات کے لئے پری پول رگنگ ہے۔
سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے موجودہ ممبران کی موجودگی میں بلدیاتی انتخابات کا صاف شفاف ہونا ممکن نہیں۔ ہم اپوزیشن کی تمام پارٹیوں سے رابطہ کر رہے ہیں کہ ان الیکشن کمیشن کے اراکین کی موجودگی میں انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو یہ الیکشن پولیس اور ڈی سی اوز کا الیکشن نظر آ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کے مقابلے میں علیم خان کو ان کے دور میں کیے گئے منصوبوں سے بہت فائدہ ملے گا۔