نوشہرہ: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے نوشہرہ میں ماروبہ ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، تین ارب روپے کی لاگت سے بننے والے ڈیم سے تیس ہزار ایکڑ سے زائد بنجر زمین آباد ہو گی۔
خیبر پختوںخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں ماروبہ ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈیم بنانے ضروری ہیں، عالمی سطح پر موسم بدلنے سے بارشیں کم ہونے لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم کے ساتھ آٹھ سے دس کلو میٹر سڑک بھی تعمیر کی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے صوبے میں قانون سازی کے ذریعے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کیں، سکولوں اور ہسپتالوں کو اصلاحات کے ذریعے ٹھیک کیا گیا جبکہ پچھلی حکومتوں میں صرف اپنی تجوریاں بھری جاتی تھیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوشہرہ کے عوام سمجھدار ہیں اور جانتے ہیں کہ کس جماعت نے ان کی خدمت کی ہے۔