پشاور;تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہو گئے،عمران خان نے وزارت اعلیٰ کیلئے محمود خان کے نام پر رائے طلب کر لی ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ عمران خان نے وزارت اعلیٰ کیلئے،
محمودخان کے نام پررائے طلب کرلی ہے۔پرویزخٹک نےپارٹی قیادت کومحمودخان اورشاہ فرمان کے نام تجویزکردیئے ہیں جبکہ تیمورسلیم جھگڑااورعاطف خان کے نام بھی وزیر اعلیٰ کیلئے زیرغورہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کا فیصلہ سب کو قبول ہوگا، عمران خان نے میرے بارے میں جو فیصلہ کیاقبول کروں گا۔ان کا کہناتھا کہ صوبے کاوزیراعلیٰ کون ہوگایہ فیصلہ عمران خان ہی کریں گے،پارٹی میں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی کی بائیس سالہ جدوجہد میں تاریخی دن آگیا، عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں نے عمران خان کو پاکستان کا آئندہ وزیراعظم نامزد کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔تمام اراکین نے عمران خان کو متفقہ طورپر وزیراعظم نامزد کردیا، پی ٹی آئی کے کسی اراکین نےعمران خان کووزیراعظم نامزد کرنے پر مخالف نہیں کی۔اجلاس میں قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی کا اعلان بھی متوقع ہے جبکہ عمران خان ارکان قومی اسمبلی کواہم فیصلوں پراعتماد میں لیں گے۔اجلاس میں شاہ محمود قریشی ، فواد چوہدری، عارف علوی ، عمران اسماعیل، شفقت محمود اور دیگر رہنما شریک ہیں جبکہ،
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی اجلاس میں موجود ہیں۔دوسری جانب تحریک انصاف کوقومی اسمبلی میں اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے، آزادارکان کی شمولیت سے پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں تعداد ایک سو پچیس ہوگئی ہے۔اقلیتی و مخصوص نشستیں ملا کر پی ٹی آئی کو 174 ارکان کی حمایت حاصل ہے جب کہ تختِ لاہور پر راج کے لیے بھی تحریکِ انصاف کو 186 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔وزیراعظم کے انتخاب کے لئے ایم کیو ایم، ق لیگ، جی ڈی اے، بی اے پی، جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی اور شیخ رشید احمد کپتان کو ووٹ دیں گے۔خیال رہے عمران خان کی تقریب حلف برداری کی تقریب 13 اگست کو ہونے کا امکان ہے، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، جو قومی اسمبلی کی 116 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عمران خان وزرائے اعلیٰ اور وزراء کے فیصلے 11تاریخ تک کرلیں گے۔