اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ ضرب عضب میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ، اسلحے کی فیکٹریاں اور مواصلاتی نظام کو ختم کیا
اسلام آباد (یس اُردو) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے فکری ضرب عضب کی ضرورت ہے ، کہتے ہیں وزیر اعظم نواز شریف ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر رہے جبکہ عمران خان خیبرپختونخوا میں چوہے مار رہے ہیں ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ ضرب عضب میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ، اسلحے کی فیکٹریاں اور مواصلاتی نظام کو ختم کیا ، آپریشن ضرب عضب اپنے مقاصد کی تکمیل تک جاری رہے گا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی انتہا پسندی سے جنم لیتی ہے ، انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے فکری ضرب عضب کی ضرورت ہے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت خیبرپختونخوا سے دہشت گردوں جبکہ عمران خان چوہوں کا خاتمہ کر رہے ہیں ۔ عمران خان آج کل چوہا سیاست کر رہے ہیں ، پشاور کے علاقے قصہ خوانی میں 25 روپے جبکہ کنٹونمنٹ کے علاقے میں 100 روپے کا چوہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دو ہزار تیرہ میں توانائی اور معاشی بدحالی جیسے چیلنجز کا سامنا تھا ، مسائل حل کرنے کیلئے حکومت نے ڈھائی سال میں اپنا کردار ادا کیا ۔ لوگوں کو رہائشی سہولتیں فراہم کرناحکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔