اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی طرف سے مناظرے کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف مناظرے کیلیے وقت، جگہ اور مکالمہ کیلیے پارٹی رہنمائوں کا اعلان کریں، ہم مناظرے کے لئے تیار ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اسد عمر اپنے پارٹی رہنمائوں سے مشورہ کر کے بتائیں کہ ان کی پارٹی کا ایک شخص مناظرے میں سامنے آئے گا یاپورا پینل؟ اسی مناسبت سے ہم بھی اپنا پینل تیار کر لیں گے، انھوں نے کہاکہ شیریں مزاری کی ہدایت پر میں وفاقی وزیراطلاعات بطور ان کے اسسٹنٹ معاونت کروں گا، شیریں مزاری بتائیں کہ وہ کس جگہ کس وقت مناظرہ کرانا چاہتی ہیں، میں اسکے تمام انتظامات مکمل کراؤں گا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ میڈیا پربحث براہ راست نشر کرنا ہماری ذمے داری ہے، ہم بحرانوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، 2018 سال 2013 سے بہتر ہو گا، سابق صدر مشرف کا معاملہ وزارت داخلہ کے پاس ہے، سعودی عرب جانے کی اجازت دینے کے حوالے سے وزارت داخلہ ہی بہتر فیصلہ کر سکتی ہے۔