اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان وزیراعظم پر جھوٹے الزامات اور استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن استعفیٰ تو درکنار ہم وزیراعظم کی شیروانی کا ٹوٹا ہوا بٹن بھی دینے کو تیار نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ عمران خان کا رویہ انتہائی افسوس ناک ہے، انہوں نے پاناما کیس کی تحقیقات سے راہ فرار اختیارکی اور اپنی عادت کے مطابق یو ٹرن لیا جب کہ بے بنیاد الزامات لگا کر ہماری ساکھ کو داغدار بنانے کی کوشش کی لیکن ہمارا دامن صاف تھا اس لیے کسی بات سے نہیں گھبرائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جھوٹ بے نقاب ہونےکا وقت قریب آگیا ہے، انہوں نے پاناما کیس کی پٹیشن میں کمیشن بنانے کی درخواست کی تھی لیکن اب وہ سپریم کورٹ میں دلائل دینے کے بجائے دھمکیاں دے رہے ہیں کہ کمیشن بنایا گیا تو بائیکاٹ کریں گے۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالت میں ردی کا ٹکڑا بھی پیش نہ کرسکے جس کی بنیاد پرسوال پوچھا جاتا جب کہ ان میں ضمیرنام کی چیزہوتی توعدالت میں الزامات پر شرمندہ ہونے کا اعتراف کرتے اور عدالت اور قوم کا وقت ضائع کرنے پر قوم کے سامنے شرمندگی کا اظہارکرتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم پر جھوٹے الزامات اور استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن استعفیٰ تو درکنار ہم وزیراعظم کی شیروانی کا ٹوٹا ہوا بٹن بھی دینےکو تیارنہیں ہیں۔