اسلام آباد : وزیر اطلاعات پرویز رشید نے عمران خان کو سیاسی بیان بازی پر سیز فائر کرنے کی پیشکش کر دی، کہتے ہیں یہ وقت مل کر پاکستان کے دشمنوں کے خاتمے کا ہے، صفورا چورنگی جیسے واقعات وزیر اعظم کے دہشتگردی کے خلاف عزم کو مزید مضبوط کریں گے۔
اسلام اباد میں منعقدہ ایجوکیشن ایکسپو کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پرویز رشید نے سانحہ صفورا چورنگی کو قومی سانحہ قرار دیا اور واقعے کی شدید مذت کی ۔ انہوں نے کہا کہ صفورا چورنگی دہشتگردی میں ٹارگٹ ہونے والی کمیونٹی کے افراد امن پسند ہیں ۔ ان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو سیاسی بیان بازی سے روکنے کی پیشکش کی اور کہا کہ پہلے ملک دشمن عناصر سے نمٹ لیں ، آئندہ انتخابات کے قریب بیان بازی کا سلسلہ یہیں سے شروع کریں گے۔
وفاقی وزیر پرویز رشید نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے واقعے کی مذمت اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کی اپیل کی۔