تمام ٹاپ پوزیشنز پرنجی سکول کے طلباء براجمان، سرکاری سکولوں کے طلباء ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
پشاور: پشاور بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا، زیادہ تر طالبات بازی لے گئیں، تمام ٹاپ پوزیشنز پرنجی سکول کے طلباء براجمان، سرکاری سکولوں کے طلباء ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ تفصیلات کے مطابق لڑکیوں کو صنف نازک تو سمجھا جاتا ہے لیکن جب بات آئے تعلیمی میدان کی تو یہ لڑکوں کو کم وبیش مات دے جاتی ہیں، کچھ ایسا ہی پشاور بورڈ کے میٹرک کے نتائج میں بھی ہوا ہے، جس میں طالبات ایک بار پھر بازی لے گئیں لیکن بورڈ میں پہلی پوزیشن لڑکے کے حصہ میں آئی، نتائج کے مطابق نجی سکول کے طالبعلم عمرانور نے 1048 نمبر لے کر سائنس گروپ میں اول پوزیشن حاصل کی، جلوہ اکبر نے 1047 نمبروں کے ساتھ دوسری اور کرشمہ بصیر نے 1045 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی، طالبات اور ان کے والدین اس موقع پر مسرور نظرآئے۔ آرٹس اور سائنس گروپ کی پوزیشنیں بھی طالبات کی حصے میں آئیں، پشاور بورڈ کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ طلبہ کو صرف ایس ایم ایس پر رزلٹ اور ڈی ایم سی مہیا ہو گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حکومت کے تعلیمی اداروں میں اصلاحات کے دعووں کے برعکس میٹرک کے نتائج میں سرکاری سکول کا کوئی بھی طالبعلم ٹاپ پوزیشن نہیں حاصل کرسکا۔