پشاور…….پشاور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریو ں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بیزار شہری سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہوگئے ہیں۔
پشاور کے باڑہ روڈ پر مظاہرہ کرنے والے ان مظاہرین کا تعلق نواحی علاقہ نودیہہ پایاں سے ہے، جو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کےخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ان کاکہنا ہےکہ بجلی ہوتی نہیں اور مہینے بعد بھاری بل بھجوادیئے جاتے ہیں۔ مظاہرین کو منانے وزیر اعلیٰ کے مشیر عارف یوسف پہنچے، ان کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے اپناختم کردیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیرکا کہنا تھا کہ پیسکو نے 24گھنٹوں کے اندر مسئلہ حل نہ کیا تو دوبارہ سڑکوں پر آئیں گے۔پشاور کے علاقہ وڈپگہ، پخہ غلام، بڈھ بیراور متنی لوڈ شیڈنگ سے زیادہ متاثرہو رہے ہیں، جہاں دن میں تین سے چار گھنٹے ہی بجلی آتی ہے۔ نواحی علاقوں میں صورتحال زیادہ گمبھیر ہے۔ جہاں بیس بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے باعث ٹیوب ویل بند پڑے ہیں جس سے پینے کے پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔