پشاور میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ سے3 افراد قتل کردئیے گئے ہیں،مقتول افراد میں باپ، بیٹا اور رکشہ ڈرائیور شامل ہے۔
پولیس کے مطابق پشاور کے نواحی علاقہ متھرا میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ،جس میں 3 افرادمارے گئے، 2 موٹر سائیکل سواروں نے رکشہ میں سوار باپ، بیٹے اور رکشہ ڈرائیور پر فائرنگ کی ہے جس سے تینوں افراد موقع پر دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ تھا جو کہ جائیداد کے تنازع پر گزشتہ کئی سالوں سے چلا آرہا ہے،قاتل فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق رکشے میں سوار باپ بیٹا پیشی کے لئے عدالت جارہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی دونوں فریقین کے درمیان قتل اور اقدام قتل کے مقدمات درج ہیں۔
مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا دی گئی ہیں۔