اسلام آباد (یس ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جاری ہے اور اب تک اس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔
شہدا پشاور کے چہلم پر والدین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف خاطر خواہ کامیابی حاصل کرچکے ہیں، دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کریں گے اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے سانحہ پشاور کے شہدا کے چہرے سامنے لاتا ہوں، دہشت گردوں کو ملک کے کسی کونے میں جائے پناہ نہیں دیں گے اور معصوم شہیدوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شہید ہونے والے آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کا چہلم آج سرکاری سطح پر منایا جارہا ہے جب کہ اس موقع پر خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔