پشاور (یس ڈیسک) آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید اور غازی بچوں کی ماؤں کا غم کم ہونے میں نہیں آ رہا۔
پریس کانفرنس میں مائیں اپنے جگر گوشوں کو یاد کرتے ہوئے رو پڑیں۔ اپنے دلاروں کی غم میں نڈھال ماؤں نے حکومت کو الٹی میٹم دیا کہ سانحہ پشاور کی تحقیقاتی رپورٹ اڑتالیس گھنٹے میں منظر عام پر لائی جائے ورنہ احتجاجاً دھرنے دیں گے اور ریلیاں نکالیں گے۔
دلگیر ماؤں نے شکوہ کیا کہ وہ سیکورٹی کے نام پر ہر ماہ رقم ادا کرتے تھے لیکن بچوں کو سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ سکول کو ملنے والی دھمکیوں سے حکومتآگاہ تھی مگر کوئی بھی بچوں کو بچا نہ سکا۔
پریس کانفرنس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ پشاور کے شہید بچوں کو نشان حیدر اور ان کے والدین کو پاک افواج کے شہداء کا پیکج دیا جائے۔