مظاہرین کے افغان فورسز اور مہاجرین کے خلاف نعرے ، گو افغان مہاجرین کے نعرے لگائے گئے
پشاور (یس اُردو ) پشاورمیں تاجر برادری طورخم بارڈر پر افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ۔ تاجروں کا افغان فورسز کے خلاف شدید احتجاج ۔ گو افغان مہاجرین گو کے نعرے ۔ حکومت سے افغانیوں کو واپس بھیجنے کامطالبہ ۔ پشاور میں مختلف تاجر تنظیمیں پاک افغان بارڈر طورخم پر افغان فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئیں ۔ تاجروں نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور افغان فورسز اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک طرف پاکستان نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغانیوں کا بوجھ اٹھایا ہوا ہے دوسری جانب ان کی فورسز ہماری افواج پر فائرنگ کر رہی ہیں ۔ افغان مہاجرین نہ صرف ہماری معیشت پر بوجھ بنے ہوئے ہیں بلکہ وہ دہشتگردی سمیت مختلف جرائم میں بھی ملوث ہیں ۔ تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغانیوں کو فی الفور ان کے ملک واپس بھیجنے کے انتظامات کئے جائیں۔۔۔۔مظاہرین نے افغان صدر اشرف غنی اور سابق صدر حامد کرزئی کی تصاویر بھی نذرآتش کیں ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ افغان حکومت غیر ملکی اشاروں پر پاکستانیوں کے احسانات اور قربانیوں کا بدلہ گولیوں کی شکل میں دے رہی ہے جس کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی ۔