برطرف اہلکاروں نے جناح پارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور صوبائی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
پشاور: پشاورمیں بنوں سپیشل پولیس فورس کے برطرف اہلکار سراپا احتجاج بن گئے ، برطرف اہلکاروں نے جناح پارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور صوبائی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔برطرف ملازمین نے جناح پارک سے صوبائی اسملبی تک احتجاجی مارچ کیا اور خیبر روڈ پر دھرنا دیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے جون 2016ء میں ان کی مستقلی کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے باوجود 500 اہلکاروں کو برطرف کر دیا گیا ہے ، جو نا انصافی ہے۔
پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی تاہم انہوں نے سڑک کھولنے سے انکار کردیا ، ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان کے مطابق بر طرف اہلکاروں کو ڈپٹی کمشنر بنوں نے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا تھا۔ دھرنے کی وجہ سے خیبرروڈ پر کئی گھنٹے تک شدید ٹریفک جام رہا اور روزہ داروں کو مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔