اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے اگلے مرحلے کے تحت کراچی سے پشاور تک ریلوے کی پٹڑیوں سے پھاٹکوں اور اشاروں کو ختم کردیا جائے گا۔
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک ریلوے پٹڑیوں کو سگنل فری کرنے کے لئے منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے جب کہ منصوبے پر کام کا آغاز جنوری سے شروع ہوگا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پٹڑیوں کے گرد باڑ لگائی جائے گی اورموٹروے کی طرح پھاٹک پر انڈرپاس یا اوور ہیڈ پل تعمیر کئے جائیں گے جب کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں راولپنڈی سے پشاور کے درمیان ریل کی پٹڑیوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان ریلوے کی جانب سے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کو ریلوے لائن کے ذریعے پشاور اور طورخم سے ملانے کے لئے منصوبے کے قابل عمل ہونے کی رپورٹ بھی تیار کی جارہی ہے۔ ایک اور حکمت عملی کے تحت پاکستان ریلوے تجارتی حجم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے افغانستان اور وسطی ایشیا تک طورخم کے راستے رسائی کے لئے چین، اسپین اور بولدک کے متبادل راستے کے حوالے سے بھی حکمت عملی وضع کررہا ہے۔