برمنگھم (ایس ایم عرفان طاہر سے) سانحہ پشاور میں زخمی ہو نے والے غازی احمد نواز کو سٹی کونسل کی طرف سے تعلیمی خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا ،تعلیم کو عام کرنے اور انتہا پسندی و دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے اپنے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھوں گا ان خیالات کا اظہار 16 دسمبر 2014 کوسانحہ پشاور آرمی پبلک سکول حملہ کے دوران زخمی ہو نے والے ہونہار اور بہادر طالب علم غازی احمد نواز نے اپنے اعزاز میں سٹی کونسل ہائوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
اس موقع پر لارڈ میئر آف برمنگھم کونسلر رے ہیسل ، ڈپٹی لارڈ میئر آف برمنگھم کونسلر مائیک لڈی ،ایم پی خالد محمود ، محمد نواز خان والد شہید حارس نوازو غا زی احمد نواز، کیبنیٹ ممبر کونسلر شفیق شاہ ، کونسلر محمد اخلاق ، کونسلر محمد ادریس ، کونسلر عنصر علی خان، کونسلر مریم خان، ڈپٹی قونصل جنرل آف پاکستان برمنگھم میا ں عظمت فاروق ، ڈاکٹر اقتدار کرامت چیمہ ڈا ئر یکٹر انسٹی ٹیو ٹ فار لیڈر شپ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ برطانیہ ، ڈاکٹر معشوق علی ، صابر مرزا ، روبینہ خان، رفعت مغل ، چو ہدری مطلوب حسین ، ٹونی ایڈمز ، صا حبزادہ جہا نگیر ، ڈونا ماغر ، مسٹر ڈز ، واجد عباسی ، عمران نور ، ریاض محمد ایڈووکیٹ ، صدام حسین ، شہزاد حسین خان، زاہد خٹک اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے آغاز سے قبل غا زی احمد نواز نے اپنے والدین اور چھوٹے بھائی محمد عمر نواز کے ہمراہ سٹی کونسل و لارڈ میئر ہائوس کا تفصیلی دورہ کیا اور اس موقع پر لارڈ میئر آف برمنگھم کونسلر رے ہیسل نے کونسلر شفیق شاہ اور کونسلر محمد اخلا ق کی موجودگی میں غازی احمد نواز کو باقاعدہ ایوارڈز سے نوازا اور انکی بچوں کی تعلیم اور انتہا پسندی و دہشتگردی کے خلاف خدما ت کو بھی سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے مقررین کا کہنا تھا کہ غازی احمد نواز ان نوجوانوں کے لیے آئیڈیل شخصیت ہیں جو علم اور تعلیم کے حصول کے لیے زندگی میں شب و روز کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلا ف ہمیں یک جان ہو کر لڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی پر امن اور مہذب معاشرے میں گمراہ کن سوچ اور انتہا پسندی کی کوئی گنجا ئش نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد کا کوئی مذہب اور کوئی مسلک نہیں ہوتا بلکہ وہ انسانیت اور انسانی حقوق کی خلا ف ورزی کا مرتکب ہوتا ہے جس کو قانونی طور پر سزا دینا لازم ہے۔ تقریب میں دہشتگردی کا شکا ر بننے کے باوجود غازی احمد نواز کی تعلیم کے ساتھ لگن اور محبت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔