پشاور یونیورسٹی میں تقریب تقسیم اسناد، گورنر خیبر پختونخوا نے 476 طالبعلموں میں ڈگریاں تقسیم کیں، 26 کو گولڈ میڈلز سے نوازا، ایک طالبعلم کا گورنر سے ڈگری لینے سے انکار۔
پشاور: پشاور یونیورسٹی کے سیشن 2014ء کے طالبعلموں کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد صوبائی دارالحکومت میں منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی گورنر اور یونیورسٹی کے چانسلر اقبال ظفر جھگڑا نے ڈگریاں تقسیم کیں۔
کانووکیشن میں اس وقت بدمزگی پھیل گئی جب ایم اے جرنلزم کے طالبعلم نے گورنر کے ہاتھ سے ڈگری لینے سے انکار کر دیا۔ کانووکیشن میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے476 طالبعلموں کو ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں۔ گورنر نے 26 طالبعلموں کو اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر گولڈ میڈلز بھی دیئے۔
اس موقع پر تعلیم کا اہم سنگ میل عبور کرنے والے طالبعلموں کی خوشی دیدنی تھی۔ پشاور یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے 476 طالبعلموں میں 307 طالبات شامل بھی ہیں۔